گرمی کی شدت کم کرنے والے مشروبات-Summer Refreshing Drinks

گرمی کی شدت کم کرنے والے مشروبات

موسموں کی تبدیلی قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ ہر موسم دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جس کی بناء پر لوگ ہر موسم کی انفرادیت سے لطف حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام چاروں موسموں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔یہاں ہر موسم کی مناسبت سے بہترین اور خوش ذائقہ پھل اور سبزیاں وافرپائی جاتی ہیں۔

تاہم ہمار ے ملک کے بیشتر حصوں میں سال کے زیادہ تر مہینوں میں موسم گرم رہتا ہے، ایسے میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات پینے پر زور دیا جاتا ہے ۔

موسم گرما میں لیموں، گنے، تخم بالنگا، فالسے اور صندل سے بنائے جانے والے مشروبات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ذائقہ دار پھلوں کے رس اور شیک بھی شوق سے نوش کیے جاتے ہیں۔ تازہ پھلوں کے جوسز اور شیکس بہت سی بیماریوں سے بچاتے ہیںاور جِلدکو تروتازہ رکھتے ہیں، ساتھ ہی پیاس کی شدت کو بھی کم کرتے ہیں۔وقت کے ساتھ ساتھ مشروبات اورشیکس بھی نئے انداز سے بنائے جانے لگے ہیں۔چند مشروبات اورملک شیکس کی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

فالسے کا شربت

کھٹے میٹھے فالسے کا جوس غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ خوبصورت رنگ کے حامل چھوٹے چھوٹے فالسے صحت کیلئے بے شمار فوائد سے مالا مال ہیں ۔ ان کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔ اگرچہ فالسہ موسم گرما میں چند دن کیلئے آتا ہے لیکن اس تھوڑے سے عرصہ کو غنیمت جانتے ہوئے اس پھل کے شوقین اسے کھانا شروع کردیتے ہیں۔

فالسے کا جوس بچے اور بڑے سب ہی شوق سے پیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فالسے میں قدرتی طور پر ایسے غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھتے ہیں اس میں وافر مقدار میں پانی ہوتا ہے، یوں یہ جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا ۔ یرقان اور جگر کے دیگر امراض کی صورت میں بھی مفید رہتا ہے۔ گرمی کے بخار میں ڈاکٹر اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ اسی طرح یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھانے کے لئے بھی مفید رہتا ہے ۔

شربت کیلئے درکار اجزاء:

فالسے ۔چار چھٹانک

چینی (سفید دانے دار)۔ چار چھٹانک

دہی۔ چار چھٹانک

لیموں (پتی)۔ ایک چھٹانک

ترکیب:

فالسے دھونے کے بعد ان کو ایک گھنٹے کیلئے پانی میں بھگودیں ۔ چینی، دہی، لیموں کا رس اور تھوڑا سا نمک ملا لیں۔ خوب ملا کر کسی صاف کپڑے سے چھان لیں۔ لیجیے مزیدار فالسے کا شربت تیار ہے۔

لیموں کی مزیدار سکنجبین

پیلے رنگ کا ترش ذائقہ لیموں ہر خاص و عام میں مقبول ہے۔ اسے مشروبات ، کھانوں اور پھلوں میں شامل کر کے استعمال کیا جاتا ہے۔لیموں کی سکنجبین ہر ایک کو پسند ہے۔ موسم گرما میں سکنجبین بنانے والے افراد سڑک کے کناروں پر نظر آتے ہیں۔ لیموں کا رس وٹامن سی کا ذخیرہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اہم غذائی اجزاء سے مالا مال ہے۔ماہرین کے مطابق یہ موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا۔

اس کا باقاعدہ استعمال چہرے کی جھریاں ختم کرتا ہے۔ موٹاپے سے متاثرہ افراد نہار منہ اس کا استعمال کرتے ہیں، جس سے کچھ ہی عرصے میں ان کے وزن میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے ۔ لیموں ہاضمہ بہترکرتاہے جبکہ سانسوں کو مہکانے کے لئے بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گردوں میں پتھری سے پریشان افراد اگر اس کا باقاعدہ استعمال کریں تو صحت یاب ہو سکتے ہیں۔ جسمانی نظام کو بہتر کرنے کے لئے لیموں کا استعمال بہت ضروری ہے۔

سکنجبین کیلئے درکار اجزاء:

لیموں کا رس۔ ایک لیٹر

پانی۔ ڈیڑھ لیٹر

شکر (سفید)۔ ایک کلو سے کم

گلو کوز ۔ڈیڑھ لیٹر

ایسنس لیمن۔ حسب ضرورت

اورنج ایسنس۔ حسب ضرورت

ترکیب :

لیموں کا رس ،شکر اور پانی مکس کرکے اسے پکائیں۔ پھر اس میں گلو کوزشامل کرلیں۔ جب شربت ایک جیسا ہو جائے تو اتار کر ٹھنڈ اہونے کے لئے رکھ دیں ۔ اب اس میں لیمن اور اورنج ایسنس ملا دیں۔ بہترین ذائقے کی سکنجبین (لائم جوس کا رڈیل) تیار ہے۔

تخم بالنگا کا شربت

تخم ملنگا یا تخم بالنگا قدرت کا بیش قیمت تحفہ ہے جو انسانی صحت کے لئے ناگزیر کئی اجزاء سے مالا مال ہے۔ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہے اور یہ جسم کی گرمی دور کرتا ہے ۔بنیادی طور پر تخم بالنگا تلسی کے پودے سے حاصل کیا جانے والا بیج ہے ۔ اس کو استعمال کرنے کے لئے اسے پانی میں ایک سے دو گھنٹے بھگو کر رکھا جاتا ہے بعد ازاں اسے مختلف مشروبات میں ڈالا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تخم بالنگا کے صحت کے لئے بہت سے فوائد ہیں ۔ اس کا باقاعدہ استعمال جسم کی اضافی چربی ختم کرتا ہے جبکہ یہ ہاضمے کے لئے نہایت مفید ہے۔

اس مفید بیج میں آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم میں خون کی کمی نہیں ہونے دیتی، اسی طرح اس میں موجود زنک بالوں کی نشو ونما اور افزائش کے لئے بھی اہم ہے۔ تخم بالنگا مشروبات کو مزید خوش ذائقہ بناتا ہے جب کہ اس کو دودھ میں شامل کرنے سے اس کی لذت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے،لہٰذا یہ ہڈیوں کو مضبوط کرنے کے لئے اہم ثابت ہوتا ہے ۔

درکار اجزاء:

لیموں۔ایک عدد

اسکواش۔تین چائے کے چمچ

پانی ۔ایک لیٹر

تخم بالنگا۔آدھ کپ (پانی میں بھگوئے ہوئے )

گڑ یاشکر ۔آدھ کپ

ترکیب :

گڑ کی شکر کو پانی میں حل کرلیں۔ پھراس میں اسکواش، تخم بالنگا اور لیموں کا رس شامل کرلیں ۔ کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں اور پھر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔

صندل کا شربت

صندل کا خوش ذائقہ شربت موسم گرما میں دماغ کو تروتازہ رکھتا ہے اوراس کو تقویت بخشتا ہے۔ صندل خوشبودار سدا بہار درخت ہے، جس کی لکڑی بھی بے شمار فوائد کی حامل ہے۔شربت ِصندل موسم گرما کا پسندیدہ مشروب ہے جو کہ نہ صرف ذائقے دار ہوتا ہے بلکہ خوشبو میں بھی لاجواب ہے۔ اسی طرح یہ بلڈ پریشر کنٹرول رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

درکار اجزاء:

سفید صندل کا برادہ۔ 70گرام

چینی۔ 750گرام

عرقِ گلاب۔ 750گرام

ترکیب:

صندل کا برادہ اچھی طرح صاف کر کے عرق گلاب میں ڈال دیںاور24گھنٹوں تک بھگو دیں ۔ اگلے دن اسےکسی پتیلی میں ڈال کر چولہے پر پکنے کے لئے رکھ دیں ۔ عرقِ گلاب جب خشک ہونے کے بعد آدھا رہ جائے تو پتیلی کو چولہے سے اتار لیں اور کسی کپڑے سے چھان کر اس میں چینی شامل کر دیں۔ اب دوبارہ اس محلول کو ہلکی آنچ پر رکھ کر اس قدر پکائیں کہ ایک تار ہو جائے۔ کسی شیشےکی بوتل کو گرم پانی سےصاف کرنے کے بعدشربت ڈال کر ڈھکن اچھی طرح بند کر دیں ۔ لیجیے صندل کا عمدہ اور خالص شربت تیار ہے ۔

درکار اجزاء:

سرخ اور سفید صندل۔دو دو تولہ

الائچی چھوٹی۔10عدد

چینی۔2کپ

پانی ۔5کپ

چاندی کے ورق۔4عدد

ترکیب:

چاندی کے ورق کے علاوہ تمام اشیاء کو مکس کرکے 5کپ پانی میں اُبالیں۔ جب پانی4کپ رہ جائے تو چاندی کے ورق پیس کر اس میں ڈال دیں۔ٹھنڈا کرکے بوتل میں ڈال لیں۔جب بھی ضرورت ہو ٹھنڈے پانی میں ملا کر شربت بنا کر استعمال کریں۔

جیلو پائن ایپل شیک

سیب کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ دل و دماغ کو طاقت دیتا ہے۔ دل کی گھبراہٹ کی صورت میں تازہ سیب یا اس کا مربہ کھانا انتہائی مفید ہوتا ہے۔ اس میں فولاد ،وٹامن اے، کیلشیم اور فاسفورس پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کےلئے ضروری ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامن بی اور سی بھی موجود ہوتے ہیں۔

درکار اجزاء:

دودھ۔ ایک کپ

کریم۔ 1/2کپ

کاسٹرشوگر۔ 1کھانے کا چمچ

پائن ایپل چنکس۔ 1کپ

اسٹرابیری جیلی۔ 1کپ

برف۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

بلینڈر میں تمام اجزا ءڈال کر بلینڈکرلیں۔ جب مشروب اچھی طرح مکس ہوجائے تو اس میں جیلی کے کیوبزشامل کردیں۔ پھرٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

کیری کا شربت

کیری کے طبی فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق آم کی نسبت کیری میں وٹامن سی، بی ون اور بی ٹو زیادہ پایاجاتا ہے۔ کیری میں شدید گرمی کے اثرات اور لو ُسے بچانے کی قدرتی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔یہ نظام ہضم کو فعال بنانے کے ساتھ جسم سے فاضل مادے خارج کرنے میں معاون ہوتی ہے۔ کیری آنتوں کی خرابی کی شکایت رفع کرتی ہے ۔

کچے آم کا چھلکا قابض اور مقوی ہوتا ہے۔ کیری میں موجود وٹامن سی خون کی نالیوں کو زیادہ لچکدار بناتی ہے اور خون کے خلیات کی تشکیل میں بھی مددگار ہوتی ہے۔ غذا میں موجود آئرن کو جسم میں جذب کرنے میں بھی یہ وٹامن کی معاونت کرتی ہے اور جریان خون روکتی ہے۔

شربت کیلئے درکار اجزاء:

کیری۔ایک کلو

چینی۔ایک کلو

پانی۔چار گلاس

ترکیب:

کیری کو اچھی طرح سے دھو لیں اور اس کے اوپر کا حصہ صاف کر لیں۔ اس میں چار گلاس پانی ڈال کر اچھی طرح اُبال لیں۔ جب کیری میں اُبال آجائے اور وہ اچھی طرح گل جائے تو چولہا بند کر دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر صاف ہاتھوں سے اس کا گودا نکال لیں۔ اگر گودا اور اس کا بچا ہوا پانی کم ہوجائے تو پانی اور مکس کرلیں اور اس کو ایک کلو چینی کے ساتھ گرائنڈر میں ڈال کرگرائنڈ کر لیں۔ اس کے بعد اس مکسچر کو ایک پتیلی میں ڈال کر پکا لیں۔

مکسچر اتنا ہو کہ پکنے کے بعد ایک لیٹر کی بوتل میں آجائے، لکڑی کا چمچ مسلسل ہلاتے رہیں۔ جب اس کا رنگ تھوڑا تبدیل ہونا شروع ہوجائے، چینی پک جائےاور یہ گاڑھا ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔ جب ٹھنڈا ہوجائے تو ایک بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ لیجیے کیری کا شربت تیار ہے۔ اسے جب بھی استعمال کرنا ہو تو ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں 2کھانے کے چمچ اس مکسچر کو ڈالیں اور برف ڈال کر ٹھنڈا استعمال کریں۔

جَو کا ستو

جیسے ہی گرمی کی حدت میں اضافہ اور لُوچلنا شروع ہوتي ہے تو جَوکے ستو کا استعمال عام ہوجاتا ہے۔ جَوکےستو کا شربت گرمی کی حدت کو کم کرکے فوری طبیعت کو ہشاش بشاش کردیتا ہے اور یہ مختلف بيماريوں ميں بھي بے حد مفيد ہے۔ مغربی ممالک میں لوگBarley Waterبہت شوق سے پیتے ہیں کیونکہ وہ اپنے تجربات کی بنا پر اس مفید غذا کی افادیت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ ستو کے شربت سے وہ تمام فوائد حاصل ہوتے ہیں جو کہ جَو کے پانی میں پائے جاتے ہیں۔ گرمی کے موسم میں یہ مشروب راحت جان ہے۔

درکار اجزاء:

جَو کا آٹا۔ 1کلو

شکر۔ 1کلو

لیموں۔ حسبٍ ضرورت

ترکیب:

جَو کو اچھی طرح دھو لیں اور اس میں جو بھوسہ ہے اسے نتھار لیں۔ جَو لے کر دھوپ میں ایک دن رکھ دیں پھر اچھی طرح صاف کر لیں۔ اب اسے گرائنڈر میں پیس کر چھانی سے چھان لیں۔ جب بھی شربت بنانا ہو تو ایک گلاس پانی لے کر اس میں تین چمچ شکر ڈال کر ہاتھ والی مدھانی سے بلوئیں۔ اس میں نصف لیموں بھی ڈال سکتے ہیں۔

ثابت جَو کے بجائے دلیہ استعمال کیا جائے تو فوائد زیادہ ہوں گے۔ اگر ستو دستیاب نہ ہو تو جَو کے آٹے کو ہلکی آنچ پر بھون کر ستو تیار کیا جا سکتا ہے۔ شہد کے ساتھ دو چمچ ستو ملا کر پینا کھوئی ہوئی توانائی کو فوراً بحال کرتا ہے۔

منٹ اینڈ سٹرس پینا کولاڈا

درکار اجزاء:

کوکونٹ کریم۔ چار اونس (آٹھ کھانے کے چمچ)

انناس جوس ۔آدھا کپ

سنگترے کا جوس۔ آدھا کپ

برف۔ حسب ضرورت

پودینے کے پتے ۔حسب ِضرورت

ترکیب:

کوکونٹ کریم، انناس جوس، سنگترے کا جوس، چند پودینے کے پتے اور برف کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ پھر اسے گلاسز میں ڈال لیں اور پودینے کے پتوں سے گارنش کرکے پیش کریں۔

ٹروپیکل بیریز ملک شیک

درکار اجزاء:

دودھ ۔آدھا کلو

کیلے ۔چار عدد

پائن ایپل۔ دو رنگ پیسز

چیری ۔آدھا کپ

آئس کریم۔ تین کپ

کوکونٹ ملک ۔ایک کین

ترکیب:

ایک بلینڈر میں دودھ، کیلے، پائن ایپل رنگ، چیری، آئس کریم اور کوکونٹ ملک ڈال کر بلینڈ کر لیں۔ گلاسز میں ڈال کر ٹھنڈا پیش کریں۔

آئسی بلیو لیمنیڈ

درکار اجزاء:

لیموں ۔ایک عدد

نیلا رنگ ۔دو قطرے

پانی ۔ایک گلاس

کاسٹر شوگر۔ دو کھانے کے چمچ

کالا نمک ۔ایک چوتھائی کھانے کا چمچ

کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)

برف ۔ایک کپ

سفید واٹرسوڈا ۔ایک بوتل

پودینہ ۔چند پتے

ترکیب:

ایک بلینڈر میں پانی، لیموں کا رس، نیلا رنگ، کاسٹر شوگر، کالا نمک، پسی کالی مرچ اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ پھر اس کو گلاس میں نکال کر اوپر سفید واٹر سوڈا ڈال دیں۔ پودینہ کے پتوں سے گارنش کرکے پیش کریں۔

کوکو نٹ اینڈ ڈیٹ شیک

درکار اجزاء:

دودھ ۔ایک کپ

کوکونٹ ملک۔ ایک کپ

شہد ۔دو کھانے کے چمچ

کھوپرا۔ ایک چوتھائی کپ (پسا ہوا)

کھجور ۔ایک چوتھائی کپ

کریم۔ آدھا کپ

برف ۔حسبِ ضرورت

ترکیب:

بلینڈر میں دودھ، کوکونٹ ملک، شہد، پسا کھوپرا، کھجور، ٹیٹرا پیک کریم اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔گلاس میں نکال لیں اور ٹھنڈا پیش کریں۔

سمرپیچ ڈرنک

درکار اجزاء:

آڑو۔ ایک کپ

چینی ۔دو کھانے کے چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

ٹھنڈا پانی۔ ایک کپ

برف۔ حسبِ ضرورت

پودینہ۔ گارنش کے لیے

آڑو ۔سلائس گارنش کے لیے

ترکیب:

بلینڈر میں کٹے آڑو، چینی، لیموں کا رس، ٹھنڈا پانی اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ پھر گلاس میں نکال کر پیش کریں۔

اسٹرابیری کوکونٹ کریم اسموتھی

درکار اجزاء:

اسٹرابیری ۔آدھا کلو

چینی۔ ایک کپ

برف ۔ حسب ضرورت

دودھ۔تین کپ

کوکونٹ کریم۔ایک کپ

ترکیب:

ایک بلینڈر میں اسٹرابیری،چینی اور دودھ ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔کوکونٹ کریم اور برف ڈال کر بلینڈ کریں اور ٹھنڈا پیش کریں۔

Share This:

لذیذ پکوان

  • 15  مارچ ،  2025

ماہِ رمضان میں دن بَھر بُھوکا، پیاسا رہنے کے بعد ہر فرد ہی کی کوشش ہوتی ہے کہ افطار دسترخوان قدرت کی عطا کردہ مختلف...

  • 14  مارچ ،  2025

ماہِ رمضان میں دن بَھر بُھوکا، پیاسا رہنے کے بعد ہر فرد ہی کی کوشش ہوتی ہے کہ افطار دسترخوان قدرت کی عطا کردہ مختلف...

  • 13  مارچ ،  2025

اس ماہ کے موسم میں مقامی تڑکے کے ساتھ لذیذ مشروبات بنائیں۔ افطار پر پیاس بجھانے والے مشروبات سے بہتر اور کیا ہوسکتا ہے۔...

  • 13  مارچ ،  2025

رمضان کا مہینہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنے ساتھ سحرو افطار کی رونقیں لے کر آچکا ہے۔دسترخوان سجیں گے اور سحرو افطار کا...

  • 12  مارچ ،  2025

اس ہفتے سحری اور افطاری کا اہتمام میری ’’اماں ‘‘ نے کیا ہے۔ چھٹ پٹ بنے۔ ان کے پکوان منٹوں میں چٹ پٹ ہوجائیں گے۔ ان کے...

  • 11  مارچ ،  2025

چند روز بعد رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آغاز ہونے والا ہے ،اس مہینے کے لیے بہت سی خواتین کافی ساری تیاریاں پہلے سے...

  • 10  مارچ ،  2025

یقیناً آپ نے ہمارے بتائے ہوئے خاص الخاص پکوانوں سے اپنے سحری اور افطاری کے دسترخوان کا اہتمام بہ خوبی کیا ہوگا۔ آج ہم...

  • 09  مارچ ،  2025

پراٹھے کا لفظ سنسکرت سے نکلا ہے اور یہ دو الفاظ یعنی کہ پرات اور آٹے کا امتزاج ہے، جسے بنانے کی ابتدا برصغیر سے ہوئی۔...

  • 09  مارچ ،  2025

افطاری کے دسترخوان کا اہتمام خاص الخاص پکوانوں سے کرنے کے لیے خواتین نت نئی کھانوں کی تراکیب آزما تی ہیں۔ اس ہفتے ہماری...

  • 08  مارچ ،  2025

جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں پچھلی مرتبہ کی طرح اس بار بھی رمضان گرمیوں کے مہینے میں آ رہے ہیں۔ اس لئے ہمیں اور بھی زیادہ...

  • 08  مارچ ،  2025

عظمٰی صدیقیہمیں اُمید ہے کہ آپ نے اب تک ہمارے بتائے ہوئے لذت سے بھر پور پکوانوں سے اپنا سحری اور افطاری کا دسترخوان بہ...

  • 07  مارچ ،  2025

عظمیٰ صدیقیاب تک آپ نے سحری اور افطاری کے ہلکے پھلکے اور چٹ پٹے پکوان تو بنالیے ہوں گے، آج ہم آپ کو کچھ اور چٹخارے دار...

  • 06  مارچ ،  2025

عظمٰی صدیقی.... قیمہ اجزا: گائے کا قیمہ آدھا کلو ،دہی ایک پاؤ، لیموں ایک عدد، پیاز تلی ہوئی دو عدد، زیرہ ایک چائے کا...

  • 04  مارچ ،  2025

شوگر میں مبتلا افراد من پسند میٹھے پکوانوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔میٹھے کھانوں سے ان کا گلوکوز لیول مقررہ حد سے بڑھ سکتا ہے...

  • 04  مارچ ،  2025

رمضان کا مہینہ آتے ہی سحرو افطار کا اہتمام شروع ہوجاتا ہے۔ گھروں میں ذوق و شوق سے انواع اقسام کے کھانے بنائے اور کھائے...

  • 02  مارچ ،  2025

یسن کے دہی بھلےتویقیناََ سب ہی کو بنانے آتے ہیں لیکن آج ماش کی دال سے بنے ہوئے مذیدار دہی بھلوں کی ریسیپی کے بارے میں...

  • 02  مارچ ،  2025

ایک محتاط اندازے کے مطابق کھجور کم و بیش چھے ہزار قبل مسیح سے انسانی خوراک کا حصّہ ہے۔ پاکستان سمیت دُنیا کے ہر خطّے میں...

  • 01  مارچ ،  2025

رمضان کا بابرکت مہینہ شروع ہوچکا ہے، ایسے میں لوگ عبادات کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کا بھی خاص اہتمام کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے...

  • 28  فروری ،  2025

اجزاء:۔ چنے دو کپ ، پیاز ایک عدد ، تیل دو کھانے کے چمچے، ہری مرچ دو عدد ، دھنیا، پودینہ تھوڑا سا، انار دانہ، زیرہ آدھا...

  • 28  فروری ،  2025

کچوریاں مزے کی لگتی ہیں لیکن اگر بازار جیسی کرسپی کچوریاں گھر ہی میں بن جائیں تو باہر سے لانے کی ضرورت ہی نہیں۔ترکیب: بون...